لاہور:حکومت پنجاب نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا یکطرفہ کرایہ 40 روپے مقرر کردیا،سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کرایے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھجی نے کہاہے کہ حکومت عوام کے پیسوں سے شروع کردہ منصوبوں کی تکمیل کررہی ہے ،تحریک انصاف عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے ،انہوں نے کہاکہ سابق حکومت کے نامکمل منصوبوں کو مکمل کرکے عوام کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں ۔
واضح رہے کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ سابق وزیرِ اعلیٰ میاں شہباز شریف کے دورِ حکومت میں اکتوبر 2015 میں شروع ہونے والا اورنج لائن ٹرین منصوبہ 4 سال بعد مکمل ہونا تھا ،
لاہور میں میٹرو بس کے بعد اورنج لائن ٹرین منصوبے کو لاہور شہر کے لیے ’ماس ٹرانزٹ‘ منصوبہ بھی کہا جاتا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اورنج لائن ٹرین کے الیکٹرک ٹرین ٹیسٹ رن کا افتتاح بھی کیا گیا۔ یاد رہے اس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اورنج لائن ٹرین منصوبے کا ڈیرہ گجراں سے لکشمی چوک تک ڈیزل لوکوموٹیو کے ٹیسٹ رن کا افتتاح کر چکے ہیں۔
اس کے بعد سے پی ٹی آئی کی حکومت میں بھی اس کے افتتاح کے بارے میں کئی بار تاریخ دی گئی تاہم ابھی تک اورنج لائن میٹرو ٹرین کا باقاعدہ آغاز نہیں ہوسکا ہے ۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین کے کرائے کو لیکر جو چہ مگوئیاں پائی جارہی تھیں ، وہ پنجاب حکومت نے اس نوٹیفیکشن کے بعد ختم کردی ہیں ۔