کراچی: کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گاڑی پر فائرنگ سے اکیس سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی۔ باپ نے سابقہ شوہر پر شبہ ظاہر کر دیا۔ واقعہ کا مقدمہ والد فیروز بنگالی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔
تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد انٹر بورڈ آفس کے قریب نامعلوم ملزمان نے سابق نگران ٹائون ناظم کی بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقتولہ کی شناخت 21 سالہ فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتولہ کے والد فیروز بنگالی کا کہنا ہے میری دوسری بیٹی بھی فاطمہ کے ساتھ تھی۔ موبائل فون، رقم اور دیگر تمام اشیا موجود ہیں۔ بیٹی چھوٹی بہن کے ساتھ بورڈ آفس سے اپنی دستاویز لینے گئی تھی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی تین سال قبل شادی ہوئی تھی اور اس کی ایک بیٹی بھی ہے۔ شوہر سے تین سال قبل طلاق ہو چکی تھی۔ اسے شبہ ہے کہ سابقہ شوہر نے اس کی بیٹی کی جان لی ہے۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ مقتولہ فاطمہ کے والد کی مدعیت میں درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے فاطمہ شدید زخمی ہو گئی۔ متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔ ادھر دن دیہاڑے نوجوان لڑکی کے فائرنگ سے ہلاکت کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، جس میں موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان کو پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ گاڑی گلی میں مڑنے پر ملزمان کو مڑتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، گلی میں مڑنے کے بعد موٹر سائیکل پر سوار پیچھے بیٹھے شخص نے لڑکی پر فائر کیا۔