لیجنڈ پاکستانی شخصیات نے نیل پالش لگا کر سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کر دیں

لیجنڈ پاکستانی شخصیات نے نیل پالش لگا کر سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کر دیں

لاہور: سابق کپتان وسیم اکرم اور سکواش کھیل کے شہنشاہ جہانگیر خان سمیت مختلف پاکستانی شخصیات نے اپنے ہاتھوں پر نیل پالش لگا کر اس کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا ہے۔ تاہم ان کے مداح حیران ہیں کہ انہوں نے یہ کیا فیشن شروع کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی شخصیات کا یہ اقدام دراصل پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں پر ہونے والے جنسی تشدد کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ جن شخصیات نے یہ خوبصورت اقدام اٹھایا ان میں سابق کرکٹر وسیم اکرم، شعیب ملک، اداکار عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، جہانگیر خان ودیگر شامل ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پاکستانی ستاروں نے یہ اقدام ’دی پالشڈ مین‘ نامی بین الاقوامی مہم کے تحت اٹھایا جس کا مقصد حکومتوں اور عوام میں بچوں کے خلاف بڑھتے تشدد سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔

کرکٹر وسیم اکرم، شعیب ملک اور اداکار عدنان صدیقی سمیت دوسرے ستاروں کا نیل پالش کے ساتھ تصاویر لگانے کا مقصد پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں پر ہونے والے جنسی تشدد کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔

وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کی جانب سے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا گیا اور انھوں نے ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے مضبوط ترین مردوں میں سے ہیں لیکن اس برس پاکستان سے بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافے کے باعث پاکستان کے معروف اداکار اور کھلاڑی بھی اس میں حصہ لے رہے ہیں۔

اپنے پیغامات میں ان سیلیبریٹیز کا کہنا تھا کہ ہر سال پوری دنیا میں لاکھوں بچے کسی بالغ مرد کے ہاتھوں زیادتی کا نشانہ بنتے ہیں لیکن ایسا میرے ہوتے ہوئے نہیں ہو سکتا۔

خیال رہے کہ اس مہم کا آغاز آسٹریلیا سے 2014ء میں ہوا تھا لیکن اب دنیا بھر کے مرد اور عورتیں ہر سال 1 سے 15 اکتوبر کے درمیان اپنی ایک انگلی کے ناخن پر نیل مالش لگا کر اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس آگاہی مہم کا حصہ بن رہے ہیں۔