ممبئی: پرینیتی چوپڑا نے اپنے بہنوئی نک جونز سے جوتا چھپائی کی رسم میں لاکھوں ڈالرز اینٹھنے کی ٹھان لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرینیتی چوپڑا اپنی کزن پریانکا چوپڑا اور نک جونز کی شادی کے لیے بہت پُرجوش ہیں، انہوں نے شادی کے لیے تیاریاں بھی شروع کردی ہیں۔ بھارتی اور پاکستانی شادیوں میں جوتا چھپائی کی رسم کو بہت اہمیت دی جاتی ہے لہٰذا پرینیتی نے بھی نک جونز کے ساتھ جوتا چھپائی کے معاملات ابھی سے طے کرلیے ہیں۔
بھارتی ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کو انٹرویو دیتے ہوئے پرینیتی نے کہا کہ دوروز قبل میں اور نک آپس میں بیٹھ کر شادی کے متعلق بات کررہے تھے جب میں نے نک سے کہا کہ ہمیں جوتاچھپائی کی رقم ابھی سے طے کرلینی چاہیے میں آپ سے جوتا چھپانے کے 5 ملین ڈالرز لوں گی جس پر نک نے کہا میں تمہیں 10 ملین ڈالرز دوں گا۔ اس کے ساتھ ہی پرینیتی نے کہا کہ میں نک جونز کی فیورٹ سالی ہوں ۔
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا اورنک جونز بھارتی ریاست جودھ پور میں 2 دسمبر کو شادی کے بندھن میں بندھیں گے، دونوں کی شادی کی تقریبات 30 نومبر سے شروع ہوجائیں گی اور تین دن تک چلیں گی۔