لندن: اگر آپ کی شہادت والی انگلی انگوٹھی والی انگلی سے چھوٹی ہے تو آپ کے لیے بری خبر ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے اپنی ایک تحقیق میں بتایا ہے کہ جس شخص کی شہادت والی انگلی انگوٹھی والی انگلی سے چھوٹی ہو وہ دوسروں کی نسبت اپنے لائف پارٹنر سے زیادہ بے وفائی کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ جس شخص کی شہادت والی انگلی انگوٹھی والی انگلی سے چھوٹی ہو ان میں ٹیسٹاسٹرون (Testosterone) نامی ہارمون بہت زیادہ پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان میں جنسی رغبت زیادہ ہوتی ہے اور وہ بے وفائی کی طرف زیادہ مائل ہوتے ہیں۔ ماہرین نے اپنی تحقیق میں 1ہزار314برطانویباشندوں کی انگلیوں کا مشاہدہ کیا اور ان کے اپنے پارٹنر کے ساتھ تعلق کا بھی تجزیہ کیا۔
دی ٹیلیگراف سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر رابن ڈنبر کا کہنا تھا کہ ”انسان کے روئیے پر کئی عوامل اثرانداز ہوتے ہیں جس میں ان کا ماحول اور زندگی کا تجربہ بھی شامل ہوتا ہے۔ ہم نے اپنی تحقیق میں لوگوں کو ان کی انگلیوں کی لمبائی کے فرق کے لحاظ سے دو گروپوں میں تقسیم کیا۔ جن لوگوں کی شہادت کی انگلی انگوٹھی والی انگلی سے چھوٹی تھی وہ اپنے لائف پارٹنر سے بے وفائی کے زیادہ مرتکب ہوئے تھے۔ اس کے برعکس جن لوگوں کی انگوٹھی والی انگلی چھوٹی تھی انہوں نے نسبتاً کم بے وفائی کا ارتکاب کیا۔“