کولمبو : سری لنکن کرکٹ بورڈ نے تیسرے ٹی 20 کیلئے لاہور نہ آنے والے کھلاڑیوں پر بجلی گرا دی۔ وہ کھلاڑی اب متحدہ عرب امارات میں میں 2 ٹی 20 میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ 24 گھنٹے پر مبنی پاکستان کا دورہ غیر محفوظ نہیں ہو گا لیکن کئی کھلاڑیوں نے انکار کر دیا جس پر بورڈ نے سلیکشن کمیٹی سے کہا ہے کہ صرف ان کھلاڑیوں کو ہی ابوظہبی میں کھیلے جانے والے 2 ٹی 20 میچوں کیلئے ٹیم کا حصہ بنایا جائے تو لاہور جانے پر رضامند ہوئے ہیں۔
چیف سلیکٹر گریم لیبروئے کا کہنا ہے کہ ”ایسا اس لئے ہے کہ ہم پوری سیریز کیلئے ایک سکواڈ منتخب کرنا چاہتے ہیں اور ان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں جو لاہور جانے پر رضامند ہوئے ہیں۔“انہوں نے مزید کہا کہ ٹی 20 سیریز کیلئے ایک سکواڈ منتخب کرنے کا فیصلہ کرکٹ بورڈ اور وزارت کھیل کی جانب سے موصول ہوا ہے اور سلیکٹرز کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
چیف سلیکٹر نے بتایا کہ ”ابھی بورڈ ہر کھلاڑی سے فرداً فرداً بات کر رہا ہے، اس لئے سلیکٹرز کو ابھی صحیح طرح یہ نہیں معلوم کہ کون سا کھلاڑی دستیاب ہے اور کون نہیں، لیکن جمعہ کو ہمیں معلومات مل جائیں گی کیونکہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 2 ممبران کھلاڑیوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور وہ جمعہ کو حتمی رپورٹ تیار کر لیں گے۔“