اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ پروفیسراحسن اقبال نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک بالخصوص سعودی عرب میں پیشہ ورگداگر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں،ایف آئی اے فوری طورپر ان کیخلاف کارروائی کرے،غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا تاہم ایئرپورٹ پر مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔
وزیرداخلہ نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرکادورہ کیا اور اس موقع پر ایف آئی اے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی ۔ وزیرداخلہ نے زیرکرپشن پالیسی نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایف آئی اے سے کالی بھیڑیں فارغ کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ انسانی سمگلنگ کی وجہ سے ملک کی بین الاقوامی ساکھ پر منفی اثر پڑتا ہے، بیرون ملک بالخصوص سعودی عرب میں پیشہ ورگداگر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، ملک دشمن قوتیں سوشل میڈیا کو آلہ کار بنا کر معاشرے میں انارکی پھیلانا چاہتی ہیں،سوشل میڈیا پر انتہا پسندی، خلفشار اور انتشار پھیلانے والے عناصر کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات اٹھائیے جائیں ،جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے ایف آئی اے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے اکیڈمی کی تنظیم نو کر کے اسے تربیت کا مثالی ادارہ بنایا جائے، دوست ممالک سے افسران کو تربیتی پروگراموں میں شامل کیا جائے۔سعودی عرب میں پاکستانی گداگرملکی بدنامی کا باعث ہیں ، وزیر داخلہ