لاہور:رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان( REAP)کے وفد نے چیئرمین چوہدری سمیع اللہ نعیم کی سر براہی میں ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان TDAPڈاکٹر سید جاوید اختر صاحب سے ملاقات کی اس موقع پر رفیق سلیمان سینیئر وائس چیئرمین REAP، پیر سید ناظم حسین شاہ ، عبد الکریم میمن ڈائریکٹر TDAPبھی موجود تھے۔
میٹنگ میں چوہدری سمیع اللہ نعیم چیئرمین REAPنے بتایا کہ رائس ایکسپورٹرزمسلسل انتھک محنت کر کے ملک کی معاشی ترقی کیلئے قیمتی زر مبادلہ فراہم کر رہے ہیں لہذا TDAPبحیثیت ایک حکومتی قومی ادارے کو رائس ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنے چاہیئے تاکہ ملکی کی بر آمدات میں اضافہ ہو ۔ انہوں نے TDAPکی جانب سے چاول کی ہر شپمنٹ پر پری شپمنٹ انسپیکشن کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف رائس ایکسپورٹرز کی لاگت میں اضافہ ہوجائے گا بلکہ ایکسپورٹرز اور خریدار کے درمیان تعلقات میں بھی فرق آسکتا ہے ۔ مزید یہ کہ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر انڈیا تھائی لینڈ اور ویتنام بلکہ یہاں تک کہ پاکستان کے کسی بھی بر آمدی سیکٹر پر یہ پابندی عائد نہیں ہے لہذا اس تجویز کو ایکسپور ٹر اور خریدار کے باہمی رضامندی پر چھوڑ دینا چاہیئے ۔
انہوں نے کہا کہ چاول کی بر آمدات میں ترقی کی اہم وجہ یہ ہے کہ اس ٹریڈ میں کبھی بھی حکومت کی مداخلت شامل نہیں رہی لہذا TDAPکو کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کرنا چاہیئے جس سے یہ تاثر پیدا ہو کہ اس ٹریڈ میں حکومت کی مداخلت شامل ہورہی ہے انہوں نے TDAPکی جانب سے بین الاقوامی نمائشوں میں اسٹالز کی زبوں حالی کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اہم بین الاقوامی نمائشوں میں پاکستان کے اسٹال کی لوکیشن اور معیار ہمیشہ ناقابل اطمینان رہا ہے انہوں نے آئندہ ہونے والی گلف فوڈ کے دوران REAPکی طرف سے دو اہم منصوبوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ REAPاس اہم نمائش میں شرکاءکے درمیان بر یانی کی تقسیم کا ارادہ رکھتی ہے۔
مزید اس نمائش کے دوران چاول کے بڑے خریداروں /امپورٹرز کیلئے REAPکی جانب سے ایوارڈز دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے جسکے لئے وفاقی وزیر تجارت سے آئندہ ہفتے اہم ملاقات کا وقت لے لیا گیا ہے ۔ رفیق سلیمان سینیئر وائس چیئرمین REAPنے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ REAPاس سال چند اہم ممالک میں تجارتی وفود بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے اور انہوں نے ان وفود کیلئے TDAPسے سبسڈی فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر ڈائریکٹر جنرل TDAPنے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ رفیق سلیمان نے قطر کے حکومتی ادارے سینٹرل ٹینڈر کمیٹی (CTC)کے ٹینڈر میں پاکستانی چاول کی عدم شرکت پر TDAPکو فوری اقدام کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ پاکستانی چاول کی ٹینڈر میں شمولیت کے بعد امید ہے کہ قطر کو چاول کی بر آمدات میں تقریباََ پچیس ہزار ٹن کا اضافہ ہوجائے گا جس سے تقریباََ بارہ ملین ڈالر زر مبادلہ حاصل ہوسکے گا۔ اسکے علاوہ انہوں نے REAPکی جانب سے چاول کی شپمنٹ کیلئے سر ٹیفیکٹ آف اوریجن کے اجراءکیلئے جلد اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ۔
ڈائریکٹر جنرل TDAPنے بر آمدی چاول کی قیمتوں کو عالمی معیار کے مطابق رکھنے کیلئے REAPاور TDAPکے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کیا جو چاول کی بر آمدی قیمتوں کا تعین کرنے کیلئے ماہانہ بنیادوں پر ملاقات کرےں گی جس سے نہ صرف ملکی زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا بلکہ چاول کے ایکسپورٹرز کو بھی اپنی پروڈکٹ کی بہتر قیمت وصول ہوسکے گی ۔