لاہور :حکومت پنجاب نے لاہور میں 24 نومبر تک ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی میں لوڈر ٹریکٹر ٹرالی سمیت کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پابندی کو مؤثر بنانے کے لیے شہر کے 12 داخلی اور خارجی راستوں پر ڈی ایس پیز کی نگرانی میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا کہ خستہ حال گاڑیوں، خطرناک دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کو اجازت نہیں دی جائے گی، تاہم پٹرول، ادویات، خوردونوش اور مسافر گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی۔
لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، روزانہ 60 لاکھ روپے کے جرمانے اور سینکڑوں گاڑیاں بند کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ شہر میں 41 انسدادِ سموگ اسکواڈز بھی تشکیل دیے گئے ہیں اور کارروائیاں جاری ہیں۔