پاکستان کے پہلے میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح، بحری شعبے میں نئی ترقی کی راہ ہموار

08:49 PM, 20 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان کا پہلا میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک آئیڈیاز 2024 کی دفاعی نمائش کے دوران ایکسپو سینٹر کراچی میں باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اس تاریخی موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق، ایڈمرل نوید اشرف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (پی ایم ایس ٹی پی) ملک میں میری ٹائم سائنس، ٹیکنالوجی، صنعت اور کاروبار کے شعبے میں نئی راہیں ہموار کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے پاکستان کی جی ڈی پی اور بحری شعبے کی ترقی کے لیے نئی امکانات پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم ایس ٹی پی کی کامیابی ان اداروں اور تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کی عکاسی ہے جو اس منصوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ 

یہ پارک پاکستان کا پہلا میری ٹائم سائنس پارک ہے، جو تعلیمی اداروں، صنعت اور حکومت کے تعاون سے بحری شعبے کی ترقی کو فروغ دے گا۔ اس پارک میں بحری ٹیکنالوجیز، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، سائبر سیکیورٹی، اوشن رینیوایبل انرجی، سی فوڈ پروسیسنگ، جہاز سازی اور ساحلی سیاحت جیسے اہم شعبوں پر کام کیا جائے گا۔

پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا مقصد پاکستان کی بلیو اکانومی کو مضبوط کرنا اور اس شعبے میں عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔ اس منصوبے کی ابتدائی بنیاد کراچی میں رکھی گئی ہے اور اس کی توسیع اسلام آباد، لاہور اور گوادر تک کی جائے گی، جو پاکستان کے معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں