پلےسٹیشن پورٹل میں پہلی بار کلاؤڈ سٹریمنگ کا فیچر متعارف

پلےسٹیشن پورٹل میں پہلی بار کلاؤڈ سٹریمنگ کا فیچر متعارف

ٹوکیو: سونی نے اپنے گیمز کے شوقین صارفین کے لیے بڑی خبر سناتے ہوئے پلے سٹیشن پورٹل میں پہلی بار کلاؤڈ سٹریمنگ کا فیچر متعارف کر دیا۔

 یہ نیا فیچر اب صارفین کو پلے سٹیشن پلس گیم کیٹلاگ سے منتخب PS5 گیمز کو براہ راست اپنے پلے اسٹیشن پورٹل پر سٹریم کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔


سونی نے اس فیچر کو بیٹا ورژن کے طور پر پیش کیا ہے، جو ابتدائی طور پر درج ذیل ممالک میں دستیاب ہوگا:
آسٹریا، بیلجیم، بلغاریہ، کینیڈا، جاپان، امریکا، برطانیہ، اور یورپ کے دیگر کئی ممالک۔


یہ فیچر صرف پلے سٹیشن پلس پریمیم سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہوگا۔
720p کوالٹی کے لیے کم از کم 7 Mbps انٹرنیٹ جبکہ 1080p کے لیے 13 Mbps کنکشن درکار ہوگا۔

کلاؤڈ سٹریمنگ کے ساتھ کچھ فیچرز دستیاب نہیں ہوں گے، جن میں گیم ٹرائلز، پارٹی وائس چیٹ، 3D آڈیو، اور "ان گیم کامرس" شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، PS4 اور PS3 گیمز کو بھی اسٹریم نہیں کیا جا سکے گا، اور چائلڈ اکاؤنٹس اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔


پلے سٹیشن پورٹل کے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ میں آڈیو سیٹنگز کو بھی بہتر بنایا گیا ہے، جس میں کم از کم والیوم لیول اور سیٹنگز کو زیادہ کنٹرول کرنے کی سہولت شامل ہے۔


واضح رہے کہ سونی نے پچھلے سال PS5 کنسولز پر کلاؤڈ سٹریمنگ کا آغاز کیا تھا، اور یہ نیا اپ ڈیٹ کمپنی کے کلاؤڈ گیمنگ کے وژن کو مزید مضبوط بناتا ہے۔