واشنگٹن: امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کی سابق سی ای او لنڈا میک میہن کو محکمہ تعلیم کا سربراہ نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹرمپ نے منگل کے روز 76 سالہ لنڈا میک میہن کو محکمۂ تعلیم کی قیادت کے لیے نامزد کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی قیادت کریں گی۔
لنڈا میک میہن نے 2009 میں امریکی سینیٹ کے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑا تھا، اس کے بعد وہ کنیکٹیکٹ بورڈ آف ایجوکیشن کی رکن رہ چکی ہیں اور کئی سالوں تک سیکرڈ ہارٹ یونیورسٹی کنیکٹیکٹ کے بورڈ کی ٹرسٹی بھی رہیں۔
ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران وفاقی محکمۂ تعلیم کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب ایک مرتبہ پھر صدارت کی دوڑ میں شامل ہونے کے بعد انہوں نے کئی اہم عہدوں کے لیے نامزدگیاں کی ہیں، جن میں وزیر خارجہ، وزیر دفاع، ڈائریکٹر سی آئی اے، ہوم لینڈ سکیورٹی چیف، گورنمنٹ ایفیشنسی کے سربراہان، وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف، اقوام متحدہ اور اسرائیل میں امریکی سفیر کے عہدے شامل ہیں۔