مریم اورنگزیب کی پی ٹی آئی پر تنقید، احتجاج اپنے صوبے میں کرنے کی ہدایت

04:22 PM, 20 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر احتجاج اور دھرنا دینا ہے تو اسے اپنے صوبے میں کریں، دوسرے صوبوں کی انتظامیہ کو لڑانے کی ضرورت نہیں۔ ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ صورتحال "نند اور بھاوج کی لڑائی" بن چکی ہے، جسے احتجاج کا نام دیا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے 80 کروڑ روپے بانٹنے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں تاکہ عوام میں فساد کی تیاری کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنی گالہ سے پیغام دیا جا رہا ہے کہ "چڑھ دوڑو ورنہ ٹکٹ نہیں ملے گا" اور قیادت کو چاہیے کہ وہ اپنے اختلافات آپس میں حل کریں۔

انہوں نے 2014 میں ڈی چوک پر ہونے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے نے ملک کی ترقی کے عمل کو سبوتاژ کیا تھا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملک اب دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے، اور اس وقت نند اور بھابھی کی لڑائی کو ملک کے حالات پر اثر انداز نہیں ہونے دینا چاہیے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیچھے جو "جہاد" کی بات کی جا رہی ہے، اس کا مقصد صرف یہ ہے کہ 24 تاریخ کو پارٹی کے فرنچائز کا فیصلہ کس کے حق میں جائے گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو احتجاج کرنا ہے تو اپنے صوبے میں کریں، اس مسئلے کو اپنے گھر میں ہی حل کریں۔

مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نواز شریف نے 2015 میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، اور اب وزیراعظم شہباز شریف کا یہ کہنا کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہوگا، ملک کے معاشی حالات میں بہتری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز دن رات محنت کر رہی ہیں اور مختلف ترقیاتی منصوبوں جیسے لیپ ٹاپ، کسان کارڈز، اور ای وی بائیکس کی تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

آخر میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا اور عوامی سکیورٹی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے، ملک کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے۔

مزیدخبریں