پاکستان کا 4 نئے بحری جہاز بیرون ملک سے خریدنے کا فیصلہ

03:47 PM, 20 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان نے بیرون ملک سے 4 نئے بحری جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی ٹیم رواں ہفتے چین روانہ ہوگی تاکہ خریداری کے عمل کو حتمی شکل دی جا سکے۔

پی این ایس سی حکام کے مطابق یہ جہاز چین سے خریدے جائیں گے اور زیادہ تر ادائیگی پاکستانی روپے میں کی جائے گی۔ پہلا جہاز تقریباً ایک سال بعد ملنے کی توقع ہے، جب کہ دیگر جہاز اس کے بعد دستیاب ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان نئے بحری جہازوں کی خریداری سے پی این ایس سی کی کارگو ترسیلی صلاحیت میں 40 فیصد اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب، پی این ایس سی نے اپنے دو پرانے جہاز 8 ارب روپے میں فروخت کرنے کے لیے بولیاں طلب کر لی ہیں، اور ان کی فروخت مارچ تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن ایک قومی ادارہ ہے جس کے بیڑے میں مختلف قسم کے بحری جہاز شامل ہیں، جن میں ڈبل ہل افرامیکس، ایل آر-ون پراڈکٹ ٹینکر، پانامیکس بلک کیریر، سپرامیکس، ہینڈیمیکس اور ہینڈی سائز بلک کیریر شامل ہیں۔ ان جہازوں کی مجموعی وزن لانے لے جانے کی صلاحیت 9 لاکھ 38,876 ٹن ہے۔

مزیدخبریں