بنوں میں دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 12 جوان شہید : آئی ایس پی آر

بنوں میں دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 12 جوان شہید : آئی ایس پی آر

راولپنڈی : خیبر پختونخوا کے علاقے مالی خیل میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی، جس کے نتیجے میں 12 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہو گئے، تاہم حملے کے دوران دہشت گردوں نے خود کش حملہ کیا، جس سے چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور اس کے ساتھ موجود انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔

شہید ہونے والے 12 اہلکاروں میں سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 2 اہلکار شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشت گردوں نے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے سکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔ اس ناکامی کے بعد، خوارج نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے اس خود کش حملے میں 12 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے اور اس گھناؤنے حملے کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

شہید ہونے والوں میں گوجرانوالہ کے صوبیدار عمران احمد فاروقی، سرگودھا کے حوالدار محمد جاوید، ایبٹ آباد کے نائیک طہماس احمد، اور ہری پور کے نائیک باسط فرید شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ اس وقت علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

مصنف کے بارے میں