میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طلبہ کے لیے گریس مارکس3 سے بڑھا کر 5کر دیے گئے

12:16 PM, 20 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیٹی (آئی بی سی سی) نے امتحانات میں گریس مارکس کی تعداد تین سے بڑھا کر پانچ کر دی ہے۔ تاہم کمیٹی نے ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کو اس تبدیلی سے آگاہی دےدی گئی ہے۔

آئی بی سی سی کے مطابق، گریس مارکس میں اضافہ پاسنگ مارکس میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے، کیونکہ پاسنگ مارکس کو 33 سے بڑھا کر 40 کر دیا گیا تھا۔ اس کے تحت، جو امیدوار 35 نمبر حاصل کرے گا، اسے پانچ اضافی گریس مارکس دیے جائیں گے تاکہ وہ پاس ہو سکے۔

آئی بی سی سی بورڈز کا کہنا ہے کہ پیپر چیکرز کو نئی تبدیلی سے آگاہ کر دیا گیا ہے، تاکہ امتحانات کی جانچ پڑتال میں اس اصول کا اطلاق ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق، آئی بی سی سی بورڈز نے گریس مارکس کی تعداد سات کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم آخرکار یہ فیصلہ پانچ مارکس تک محدود رکھا گیا ہے۔ گریس مارکس صرف دو مضامین میں دیے جا سکتے ہیں، اور تین مضامین میں فیل ہونے کی صورت میں گریس مارکس کسی بھی مضمون میں نہیں دیے جائیں گے۔

مزیدخبریں