چیمپئنز ٹرافی 2025 : بھارت کی ہٹ دھرمی ، شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار

12:03 PM, 20 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کے حوالے سے تنازعہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا جس کے باعث شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیمپئنز ٹرافی کے ہائی برڈ ماڈل کو تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہے، جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں کوئی خاص پیشرفت نہیں ہو رہی۔ پی سی بی اپنے مؤقف پر ڈٹا ہوا ہے، جس کی وجہ سے شیڈول کا اعلان اگلے 24 گھنٹوں میں مشکل نظر آتا ہے۔

اگر اسٹیک ہولڈرز لچک دکھائیں، تو شیڈول کا اعلان ایک دو روز میں ممکن ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب، براڈکاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز پاک بھارت میچ کے بغیر شیڈول کو تسلیم نہ کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں اور قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دے چکے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اس معاملے کو حل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے، جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ یکم دسمبر کو آئی سی سی کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے والے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، اور اگر بھارت کو کسی قسم کے تحفظات ہیں تو وہ پاکستان سے بات کر سکتا ہے۔

مزیدخبریں