اے آر رحمان کی اہلیہ کا شادی کے 29 سال بعد علیحدگی کا اعلان

10:55 AM, 20 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

بمبئی : بھارت کے مشہور موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے 29 سال کی شادی کے بعد اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔

 بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ نے دونوں کی علیحدگی کے بارے میں ایک بیان جاری کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کئی برسوں تک ایک ساتھ رہنے کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کی وجہ دونوں کے درمیان تعلقات میں پیچیدگی اور تلخی ہے، جس کے باعث وہ ایک دوسرے کے درمیان پیدا ہونے والے فاصلے کو ختم کرنے میں ناکام رہے ہیں، حالانکہ دونوں میں ابھی بھی گہری محبت موجود ہے۔

دوسری جانب سائرہ بانو نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کی ذاتی زندگی اور جذبات کا احترام کریں۔

واضح  رہے کہ اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی شادی 12 مارچ 1995 کو ہوئی تھی، اور ان کے تین بچے ہیں۔ یہ ایک ارینج میرج تھی، جس کا انکشاف خود اے آر رحمان نے ایک انٹرویو میں کیا تھا، جہاں انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ نے سائرہ سے ان کی شادی کرائی تھی۔

مزیدخبریں