دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

10:33 AM, 20 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور : پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد بچوں کے حقوق، تعلیم، صحت اور ان کی خوشحال زندگی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

 اقوام متحدہ نے پہلی بار 20 نومبر 1954 کو انٹرنیشنل چلڈرن ڈے منانے کا اعلان کیا تھا تاکہ بچوں کی معاشرتی، مذہبی، اور تعلیمی تربیت کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا سکے اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ بچے مستقبل میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔

اس دن کی اہمیت اس بات میں بھی ہے کہ 20 نومبر 1989 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بچوں کے حقوق کا عالمی کنونشن منظور کیا تھا، جس نے بچوں کے حقوق کو بین الاقوامی سطح پر قانونی حیثیت دی۔ اس کنونشن کے ذریعے یہ بات یقینی بنائی گئی کہ دنیا بھر کے بچے ایک محفوظ، خوشحال اور تعلیم یافتہ مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔

یوم اطفال کا مقصد بچوں کو عزت و احترام دینا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، کیونکہ دنیا بھر میں بچے مختلف اقسام کے تشدد کا شکار ہیں، جو ان کی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔

یہ دن اس بات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ ہر بچے کو برابر کے حقوق حاصل ہونے چاہئیں، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں پیدا ہو۔ ان حقوق میں تعلیم، صحت، حفاظت اور ایک بہتر ماحول شامل ہیں، تاکہ بچے سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں برابر کا حصہ لے کر ایک بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہو سکیں۔

مزیدخبریں