میانوالی: پاکستان تحریک انصاف کے میانوالی سے رکن قومی اسمبلی امجد علی خان منظر عام پر آگئے ہیں ۔کہتے ہیں میرا سانحہ 9 مئی سے کوئی تعلق نہیں ۔ہمیشہ نظریے کی بنیاد پر سیاست کی ہے۔
اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کے میں نے ہمیشہ نظریے کی بنیاد پر سیاست کی ہے۔ میرا ، میرے خاندان، میرے دوست احباب کا9 مئی کے سانحہ سے نہ تو بالواسطہ نہ ہی بِلا واسطہ کسی بھی قسم کا کوئی تعلق ہے اور نہ ہی اِس سے پہلے کبھی کسی قسم کی شر انگیزی سے کوئی تعلق رہا ہے۔
امجد علی خان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ میں ایک محب وطن پاکستانی ہوں اور میرے ہاتھ ہمیشہ صاف رہے ہیں۔ میں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہےاورپاکستان کے تمام اداروں کا احترام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہوئے اپنے اوپر بنائےگئے بے بنیاد مقدمات کے سلسلے میں عدلیہ سے انصاف ملنے کا پورا یقین رکھتا ہوں۔
امجد علی خان نے کہا کہ میں 9 مئی کے ضمن میں فاشسٹ حکومت کی جانب سے اپنے اوپر لگائے گئے جھوٹے الزامات و بے بنیاد مقدمات کے لئے اے ٹی سی سرگودھا میں انصاف کے حصول کےلئے سرنڈر کر رہا ہُوں اور قانونی راستہ اختیار کر رہا ہوں امید ہے مجھے انصاف ملے گا ۔