اسلام آباد:پی پی پی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ ملٹری کورٹس کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق تھا اسے تسلیم کرنا چاہیے تھا۔سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ملٹری کورٹس کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق تھا اسے تسلیم کرنا چاہیے تھا۔
ان کاکہنا تھا کہ سینیٹ سے منظور کی گئی قرارداد کی مذمت کرتے ہیں، وہ اکثریت کے جذبات کی عکاس نہیں ہے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ رضا ربانی صاحب معاملہ اب عدالت میں ہے۔ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ جب قرارداد پیش ہوئی تو انہوں نے اور رضا ربانی نے اس کی مخالفت کی، اس دن قرارداد پر بولنے کا موقع نہیں دیا گیا۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ اگر اس دن کورم پورا نہیں تھا تو کیا رضا ربانی سوئے ہوئے تھے، رضا ربانی کورم کی نشاندہی کرتے تو اجلاس ملتوی ہوجاتا۔