آسٹریلیا سیریز کیلئے پاکستانی سکواڈ کا اعلان، حارث رؤف نے ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا

04:19 PM, 20 Nov, 2023

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کے 18 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔  فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ 

چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب اسکواڈ   کے حوالے سے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ عبداللہ   شفیق ، ابرار احمد ، میر حمزہ، محمد وسیم ، سلمان علی آغا ، سعود شکیل ، شاہین شاہ ،محمد رضوان ، سرفراز احمد ، صائم ایوب ، شان مسعود ، خرم شہزاد ، نعمان علی، حسن علی ،میر حمزہ ، سعود شکیل، عامر جمال اور با بر اعظم   اسکواڈ میں شامل ہیں۔ 

انہوں نے  کہا کہ اسکواڈ کو آسٹریلیا کی مشکل حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے  منتخب کیا گیا ہے۔ ہم نے پچوں کو ذہن میں رکھا ہے اور ٹیم میں تیز گیند بازی کرنے والے لڑکے شامل کیے ہیں۔

صائم ایوب کو اس سال کے غیر معمولی ڈومیسٹک سیزن کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے قائد اعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کے دوران اپنی بیٹنگ سے متاثر کیا اور اپنے انتخاب کے معاملے کو آگے بڑھایا۔ اس کی شمولیت سے ہماری  بیٹنگ لائن مزید مضبوط ہوگی۔

اس سال کے شروع میں سری لنکا میں کامیابی کے بعد پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 کا آغاز بہت اچھا کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ٹیم آسٹریلیا میں بھی اس رفتار کو آگے لے جا سکے گی۔ ہم نے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ ٹیم کے پاس آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے تمام متعلقہ وسائل موجود ہوں۔

واضح رہے کہ اسکواڈ دورے سے قبل تربیتی کیمپ کے لیے 22 نومبر کو راولپنڈی میں جمع ہوگا۔ کیمپ 23 سے 28 نومبر تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں چلے گا۔ ٹیم 30 نومبر کو لاہور سے روانہ ہوگی۔ تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے کچھ اضافی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ کیمپ کے لیے بلائے گئے کھلاڑیوں میں ارشد اقبال، کاشف علی، محمد نواز، شاداب خان، شاہنواز دھانی، اسامہ میر اور عثمان قادر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان  پہلا ٹیسٹ پرتھ  14-18 دسمبر 2023 تک کھیلا جائے گا۔دوسرا ٹیسٹ میلبورن میں  26 سے 30 دسمبر 2023 تک ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری  ٹیسٹ سڈنی میں 3تا7 جنوری 2024 کھیلا جائے گا۔ 

مزیدخبریں