کراچی : گیس کے حوالے سے عوام کے لیے خوشخبری ہےکہ سندھ میں گیس کے مزید ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ سندھ کے علاقے سجاول میں گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔اس سے گیس کی لوڈ شیڈ نگ میں کمی ہوگی۔ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے سجاول میں گیس کے ذخائر دریافت کرلیے ہیں۔
پی پی ایل کی جانب سے سندھ کے ڈسٹرکٹ سجاول میں جھم ایسٹ ون کے مقام پر شاہ بندر سے گیس کے ذخائر ملے ہیں، جھم ایسٹ ون کے مقام پر 2 ہزار 545 میٹر کی گہرائی تک کھدائی کرنے پر ہائیڈرو کاربن کی نشاندہی ہوئی۔
پی پی ایل کے مطابق ٹیسٹنگ سے 13۔69 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ اور 236 بیرل یومیہ کے ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر کی نشاندہی ہوئی، کنویں کی مزید جانچ پڑتال کی جارہی ہے جس کے لیے ماہرین کے زیر نگرانی ڈرلنگ کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق دریافت سے ہائیڈروکاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، موجودہ توانائی کے بحران میں آئل اینڈ گیس سیکٹر کے فرق کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔یاد رہے کہ شاہ بندر کے کنویں کی کھدائی کیلئے پی پی ایل کا مری پیٹرولیم، سندھ انرجی ہولڈنگ اور گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیوٹ لمیٹڈ کے جوائنٹ وینچر سے جاری ہے۔