اہم عدالتی ہفتہ شروع،دو ججز اور دو سابق وزرائے اعظم سے متعلق فیصلوں کا امکان

08:38 AM, 20 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  اہم عدالتی ہفتہ آج سے شروع ہوگا جو کئی اہم ترین شخصیات کے مستقبل کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کرگیاہے۔دو سابق وزرائے اعظم عمران خان ، نوازشریف اورسپریم کورٹ کے دوججزجسٹس سردار طارق اور جسٹس مظاہرنقوی سے متعلق فیصلوں کا امکان ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج عمران خان اورکل نواز شریف کے مقدمے کی سماعت ہوگی جبکہ آج سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں جسٹس سردار طارق اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے لاہور کے سینئر افسران کو جسٹس مظاہر نقوی کی جائیدادوں کے ریکارڈ سمیت کل پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔ 

آج (پیر) کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین و سابق وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے سائفر کیس کے جیل ٹرائل روکنے کے حوالے سے دوبارہ سے سماعت ہو گی۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف، آصف زرداری و دیگر  کیخلاف توشہ خانہ نیب ریفرنس کیس کی سماعت بھی آج احتساب عدالت اسلام آباد میں ہو گی۔

21 نومبر ( منگل ) کو سابق وزیراعظم و مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی سزاکے خلاف اپیل پر  اسلام آبادہائی کورٹ کے اسپیشل بینچ میں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سماعت کرینگے۔

22 نومبر ( بدھ ) کو چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر جسٹس سردار طارق کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا بینچ سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ آج سپریم جوڈیشل کونسل کااہم ترین اجلاس ہوگا، اجلاس میں جسٹس سردار طارق اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں