شرم الشیخ : وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملکوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے اقوام متحدہ کے تحت فنڈ قائم کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔
مصر کے شہر شرم الشیخ میں دو ہفتے سے جاری کانفرنس میں اقوام متحدہ کے تحت کوپ 27 اجلاس میں ماحولیاتی نقصان کے ازالے کے لیے فنڈ قائم کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
کانفرنس میں پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک نے مالدار اور آلودگی پھیلانے والے ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ انھیں پہنچنے والی تباہی کی تلافی کی جائے۔ دو ہفتے کے مذاکرات کے بعد مطالبہ منظور کر لیا گیا۔
قبل ازیں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والی وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا تھا کہ معاہدہ ہو جاتا ہے تو یہ کمزور لوگوں کے لیے ایک مثال ہو گا۔ کمزور متحد ہو جائیں تو ناممکنات کی رکاوٹیں بھی ختم کر سکتے ہیں۔