دوحہ: قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ کے دوران خواتین کے مختصر لباس پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ سخت قوانین کے باعث غیرملکی خواتین کو بہت احتیاط برتنا ہو گی کیونکہ شائقین کو عوامی مقامات پر محبت کا اظہار یا جسم کی نمائش کرنا مہنگا پڑ سکتا ہے اور انہیں گرفتاری کا سامنا بھی ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈکپ کے دوران شائقین کو مرضی کے کپڑے پہننے کی اجازت ہے لیکن میوزیم، اسٹیڈیم اور سرکاری عمارتوں میں جانے والی خواتین شائقین کو اپنے کندھوں اور گھٹنوں کو ڈھانپنا ہوگا۔ قطر میں ورلڈکپ کے دوران خواتین پر چست ٹائٹس پہننے اور کھلے عام محبت کے اظہار پر پابندی ہوگی۔
یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ اگر شائقین زیادہ گرمی کی وجہ سے اپنے شرٹس اتارتے ہیں تو انہیں اسٹیڈیم میں نصب خصوصی کیمروں سے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ فٹبال ٹور نامنٹ کے دوران شراب پر پابندی پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ شراب اور فٹبال کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔