لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعجاز چوہدری ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی سے ملاقات کرنے پہنچے جہاں ان کا کہنا تھا کہ وہ سعد رضوی کو رہائی کی مبارکباد دینے پہنچے ہیں ۔
سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ سعد رضوی سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی سینڑل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹی ایل پی سیاسی جماعت ہے اس لیے خیر سگالی کے طور پر ملنے آیا ہوں ۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے اعجاز چوہدری سے پوچھا کہ کیا آپ پارٹی سربراہ اور وزیر اعظم عمران خان کی اجازت سے ٹی ایل پی سربراہ سعد رضوی سے ملنے آئے ہیں جس کے جواب میں اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی اجازت کے بغیر کبھی کسی سے نہیں ملتے ،صحافی نے پھر سوال کیا کہ کیا عمران خان کی مرضی اور اجازت اس ملاقات میں شامل تھی ،اس سوال کے جواب میں اعجاز چوہدری نے کہا میں نے جو جواب دینا تھا وہ دے چکا ہوں ۔
ایک اور صحافی کے سوال کے جواب میں اعجاز چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور سعد رضوی کی ملاقات فی الوقت تو ممکن نہیں لیکن ایسی ملاقات ابھی قبل ازوقت ہے ۔