ڈھاکہ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس نے بنگال ٹائیگرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ فخر زمان کو عمدہ بلے بازی کرنے پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔ نجم الحسین شنتو 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عفیف حسین 20، محمود اللہ 12 اور نورالحسن 11 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 15 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاداب خان نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے مقررہ ہدف فخر زمان کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت 19 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فخر زمان نے 15 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان نے 45 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے کوئی بھی باؤلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور صرف مستفیض الرحمان اور امین الاسلام ہی ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، شعیب ملک، خوشدل شاہ، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور حارث رؤف شامل تھے۔
بنگلہ دیش کی قیادت محمود اللہ نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد نعیم، سیف حسن، نجم الحسین شنتو، عفیف حسین، نورالحسن، مہدی حسن، امین الاسلام، تسکین احمد، شوریف الاسلام اور مستفیض الرحمان شامل تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی اور اب دوسرے میچ میں کامیابی کے بعد 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔