دبئی: بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بالی وڈ سٹار عامر خان تیسری شادی کا اعلان فلم لال سنگھ چڈھا کی ریلیز کے بعد کریں گے جو کہ اپریل 2022 میں ریلیز کی جائے گی ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عامر خان اپنی ساتھی اداکارہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں جو ان کے ساتھ ماضی میں کام کر چکی ہیں ۔ دوسری طلاق کے بعد عامر خان کا نام اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کیساتھ منسلک کیا جا رہا تھا لیکن ابھی واضح نہیں کے وڈ سٹار کس سے شادی کا اعلان کریں گے ۔
واضح رہے کہ بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان اور ان کی اہلیہ فلمساز کرن راؤ میں علیحدگی ہوگئی ہے ۔ عامر خان اور ان کی دوسری اہلیہ کرن راؤ نے شادی کے پندرہ سال بعد ایک دوسرے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔
دونوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ہم اپنے بچے کے لئے بطور والدین ایکدوسرے کا ساتھ دیتے رہیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کے ان 15 سالوں میں ہم نے ایک ساتھ زندگی کے کئی مختلف تجربات کیے ڈھیروں خوشگوار لمحات ساتھ گزارے ، ہمارا رشتہ محض بھروسے ، عزت اور محبت کی بنیاد پر پروان چڑھا ۔
بیان میں کہا گیا کہ اب ہم میاں بیوی نا ہونے کی حیثیت سے اپنی زندگی کا نیا باب شروع کرنے جارہے ہیں، لیکن بیٹے (آزاد راؤ خان) کے والدین کے طور پر ہم فیملی ہیں، ہم کافی عرصہ پہلے سے اس علیحدگی کے بارے میں سوچ رہے تھے لیکن اب باقاعدگی سے علیحدگی ہوچکی ہے ۔
پیغام کے آخر میں درج تھا کہ یہ طلاق زندگی کا اختتام نہیں بلکہ ہمارے نئے سفر کا آغاز ہے ۔
خیال رہے کہ عامر خان نے فلمساز کرن راؤ سے دوسری شادی 28 دسمبر 2005 میں کی تھی ، دونوں کی ملاقات معروف فلم لگان کی شوٹنگ پر ہوئی تھی جہاں کرن بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرائض سرانجام دے رہی تھیں جب کہ عامر خان فلم میں مرکزی کردار نبھا رہے تھے ۔ بالی وڈ اداکار کی پہلی اہلیہ رینا دتہ تھیں جن سے ان کے دو بچے جنید خان اور ایرا خان ہیں ، عامر خان کی رینا دتہ سے طلاق شادی کے 16 سال بعد سال 2002 میں ہوئی تھی ۔