اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کا ہے کہ پاکستان اور چین ناصرف ماضی اور حال میں جڑے ہوئے ہیں بلکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں تک بھی متحد رہیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چینی تجارتی وفد نے ملاقات کی جس دوران وزیر توانائی حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، شہباز گل، خالد منصور اور چین کے سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چینی تاجر گلاس، سیرامکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں جبکہ معروف چینی موبائل کمپنی اوپو (Oppo) پاکستان میں ایک مقامی موبائل مینوفیکچرنگ یونٹ کیساتھ ساتھ ایک ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کرنے جا رہا ہے جس سے ناصرف سمارٹ فونز کی سالانہ درآمد پر بہت زیادہ زرمبادلہ کے ذخائر کی بچت ہو گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی کاروباری اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر حمایت کریں گے، خصوصی اقتصادی زونز میں اپنی سرمایہ کاری کو تیز کرنے میں گہری دلچسپی پر ان کے شکر گزار ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف ماضی اور حال میں جڑے ہوئے ہیں بلکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں تک بھی متحد رہیں گے، پاکستان دونوں ممالک کے عوام میں قائم قابل قدر تعلقات کو سراہتا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان میں صنعتیں لگانے والے تمام چینی سرمایہ کاروں کو ہنگامی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور یوٹیلیٹی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مسائل کو حل کیا جائے۔
چین اور پاکستان آنے والی نسلوں تک متحد رہیں گے: وزیراعظم پاکستان
02:11 PM, 20 Nov, 2021