افغانستان کا دورہ امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ تھا، وزیراعظم

06:30 PM, 20 Nov, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ کابل کے حوالے سے کہا کہ ان کا افغانستان کا دورہ امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ تھا۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا میں نے کبھی بھی کسی تنازع کے فوجی حل پر یقین نہیں رکھتا اور افغانستان میں سیاسی بات چیت کے ذریعے ہی امن ہو گا ۔

ان کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں امن ان کے شہریوں کے بعد سب سے زیادہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تجارت اور رابطے ممکن ہوں گے جس کی وجہ سے خوشحالی آئے گی۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ امن و تجارت سے پیدا ہونے والے اثرات بطور خاص ہمارے قبائلی عوام تک پہنچیں گے جنہوں نے افغان جنگ کی تباہ کاریوں کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان اٹھایا ہے۔ 

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کابل کا ایک روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے آج اسلام آباد پہنچ گئے۔

گزشتہ روز افغان صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کا خواہاں ہے اور پاکستان افغانستان میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور 60 کی دہائی میں کابل سیاحت کے لیے بہترین مانا جاتا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مذاکرات کے باوجود تشدد پر تشویش ہے اور ہم افغان حکومت اور طالبان میں جنگ بندی چاہتے ہیں کیونکہ ہمارا ہمیشہ سے یہی موقف رہا کہ کسی مسئلے کا حل تشدد نہیں۔

مزیدخبریں