پشاور کی ضلعی انتظامیہ کا پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار

04:39 PM, 20 Nov, 2020

پشاور: ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ڈپٹی کمشنر نے اعلامیہ جار ی کر دیا لیکن پی ڈی ایم کا کہنا ہے حکومت وبا سے زیادہ خطرناک ہے اور 22 نومبر کو جلسہ ہرصورت ہو گا۔ 

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے گزشتہ روز پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ہدایات کے باوجود جلسہ کرنے پر اصرار کیا گیا تو پی ڈی ایم قیادت کیخلاف مقدمات درج ہونگے۔ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وبا میں اضافہ ہوا تو ذمہ دار اپوزیشن ہو گی۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 17 نومبر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے وبا کی آڑ میں جلسوں پر پاپندی عائد کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کی تحریک میں اب مزید تیزی آئے گی اور پی ڈی ایم کے جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے اور تحریک میں مزید تیزی آئے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھجوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور عوام کو ان کا جمہوری حق بھی دلوا کر رہیں گے۔ 

خیال رہے کہ جلسہ کے لیے اجازت نامہ کی درخواست فیصل کریم کنڈی، مولانا عطاء الحق درویش، سردار حسین بابک، مرتضی جاوید عباسی اور ہاشم بابر نے فوکل پرسن عبدالجلیل جان کے ذریعے سے ڈی سی پشاور کو دی۔

مزیدخبریں