لاہور: پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے نے کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات متعارف کراتے ہوئے اندرون ملک پروازوں کے دوارن کھانے کی فراہمی بند جبکہ بیرون ملک پروازوں کے لیے کھانے کا مینیو ہی تبدیل کردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب جانے والی پروازوں میں اب اسنیکس ، کلب سینڈوچ ، چکن پیٹیز ، ایک کیلا اور مفن پیش کیا جائگا جبکہ دیگر پروازوں میں ہلکی پھلکی ریفریشمنٹ دی جائیگی ۔
پی آئی ترجمان حفیظ خان نے کہا ہے کہ پروازوں کے دوران گرم مشروبات پیش کرنے پابندی ہوگی ، مسافروں کو پہلے سے بند مشروبات پیش کیے جائیں گے ۔ اندرون ملک پروازوں میں صرف ڈبے اور پیک شدہ مشروبات ہی پیش کیے جائیں گے۔ بین الااقوامی پروازوں میں بھی کھانے کے مینیو میں تبدیلی کا اطلاق فوری ہوجائیگا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو ارشد ملک نے کھانے میں تبدیلی کی منظوری بھی دے دی ہے ، ان اقدامات کا مقصد مسافروں اور عملے کے ارکان کے درمیان رابطے کو محدود اور کم کرنا ہے ۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے دیگر پروازوں کے ساتھ عمرہ زائرین کےلیے اجازت نامے جاری کردیے ہیں ، پاکستانیوں کےلیے عمرہ سیز ن کو دیکھتے ہوئے باقاعدہ اجازت دی گئی ہے ۔
پاکستانیوں کے لیے عمرہ دس سے پندرہ روز کے لیے کردیا گیا ہے ، پروازوں کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ، جبکہ پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچتے ہی تین دن تک قرنطینہ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔