آئین پاکستان کے مطابق بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم عمران خان

01:48 PM, 20 Nov, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئین پاکستان اور بین الاقوامی کنونشز کے مطابق بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بچوں کو مفید شہری بنانے کیلئے ان کے حقوق کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں۔ بچوں پر تشدد کے خاتمے اور انہیں سماجی تحفظ کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔ حکومت نے بچوں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں جبکہ غذائی قلت کا خاتمہ بھی حکومت کی ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زینب الرٹ بل کے ذریعے لاپتا اور اغوا ہونے والے بچوں سے متعلق قانون سازی کی گئی۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے قومی کمیشن قائم کیا گیا۔ حکومت نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مختلف اقدامات کا آغاز کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں۔ تعلیم، صحت اور سلامتی سمیت بچوں کے تمام حقوق اور اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔

دوسری جانب بچوں کے عالمی دن کے موقع پر ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بچو ں کوان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا۔ 15 ماہ سے محاصرے میں طاقت کے استعمال سے بچوں کو صدمہ پہنچایا جا رہا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی جیل میں مقیم بچے عالمی برادری کی توجہ کے مستحق ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں کشمیر میں مظلوم بچوں کی حالت زار کا نوٹس لے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پالیسیاں یو این کنونشن کے منافی ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں غیر انسانی پالیسیوں کو فوری بند کرائے۔ بچوں کے عالمی دن پر مقبوضہ کشمیر میں بچوں کی حالت زار کو فراموش نہیں کیا جانا چاہیے۔

مزیدخبریں