شیخوپورہ: وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے۔ تمام اقدامات میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنا رہے ہیں۔
یہ بات انہوں نے موٹر وے پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں کہی۔ مراد سعید کو پاس آؤٹ ہونے والے پٹرولنگ آفیسرز نے سلامی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاس آؤٹ ہونے والے پٹرولنگ آفیسرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ موٹروے پولیس کی استعداد کار بڑھانے میں ٹریننگ کالج اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ سفر کی فراہمی کیلئے موٹر وے پولیس کا اہم کردار ہے۔ قانون کی بالادستی کیلئے یقینی بنانے کیلئے موٹر وے پولیس پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوجرہ، شور کوٹ، سوات موٹر وے اور دیگر شاہراہوں پر موٹر وےپولیس کو توسیع دی گئی ہے۔ موٹر وے اینڈ نیشنل پولیس اپنے وسائل میں رہتے ہوئے اہم خدمات انجام دے رہی ہے۔ مستقبل میں تمام موٹر ویز کے پی سی ون میں موٹر وے پولیس بھی شامل ہوگی۔