علامہ خادم حسین رضوی کا انتقال، وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے اظہار تعزیت

08:09 AM, 20 Nov, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم عمران خان نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ کی اچانک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں مولانا خادم حسین رضوی کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔

ادھر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی اپنے بیان میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان پاک فوج کے ٹویٹر اکائونٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے علامہ خادم حسین رضوی کی رحلت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے آمین۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی سربراہ تحریک لبیک پاکستان کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے خاندان کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی ہے۔ اپنے ٹویٹر اکائونٹ سے جاری تعزیتی پیغام میں انہوں نے لکھا کہ میں علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر، ان کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔

خیال رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی گزشتہ چند دنوں سے علیل تھے، رات ان کیطبعیت اچانک خراب ہو گئی، انھیں لاہور کے شیخ زید ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق علامہ خادم حسین رضوی کا پہلے کبھی شیخ زید ہسپتال میں علاج معالجہ نہیں ہوا، انھیں پہلی مرتبہ ہی لایا گیا تھا، تاہم وہ یہاں لانے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے، اس لئے نہیں بتایا جا سکتا کہ ان کا انتقال کن عوامل کی وجہ سے ہوا۔

مزیدخبریں