راولپنڈی ہسپتال کی پارکنگ کی گاڑی سے ملنے والی چار روز پرانی لاش کی شناخت ہو گئی

02:06 PM, 20 Nov, 2019

راولپنڈی : ہولی فیملی اسپتال کی پارکنگ میں چار روز سے کھڑی گاڑی سے ملنے والی لاش کی شناخت ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیو تھانہ ٹاؤن کی حدود میں ہولی فیملی اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے ملنے والی لاش ایک صحافی کی ہے۔پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی لاش کی شناخت شفاعت شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔
مذکورہ صحافی کی بیٹی ہولی فیملی میں داخل تھی اور وہ پارکنگ ایریا میں کھڑی اپنی گاڑی سے مختلف اخبارات کو جرائم سے متعلق خبریں اپنے لیپ ٹاپ پر بنا کر بھیجتا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی اپنی بیٹی کی علالت کی وجہ سے پریشان تھے۔وہ گھریلو مسائل کی وجہ سے کثرت شراب نوشی میں مبتلا ہو گئے تھے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں اور لاش دو سے تین دن پرانی ہے۔

پولیس کے مطابق اسپتال کے مرکزی دروازے پر تعینات سیکیورٹی گارڈ سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔اسپتال میں لگے سی سی ٹی کیمروں سے بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ورثاء کی جانب سے پوسٹ مارٹم سے انکار کے بعد پولیس نے لاش ان کے حوالے کر دی ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے لاش برآمد ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق گاڑی چار روز سے پارکنگ میں کھڑی تھی لیکن کسی نے دھیان نہ دیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لاش دو تین پرانی ہے جس کا بدبو پھیلنے سے پتہ چلا۔پولیس بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، فرانزک ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا تھا۔ابتدائی تحقیقات میں کہا گیا تھا کہ نامعلوم شخص حرکت قلب بند ہونے سے جاں بحق ہوا ہے۔کار کے اوپر بھی جرنلسٹ کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔

مزیدخبریں