آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے، بابر اعظم

12:36 PM, 20 Nov, 2019

برسبین :پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر دو میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ٹور میچز میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے پوری ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور کھلاڑی پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے میدان میں اترنے کے بے تاب ہیں۔

اپنے ایک بیان میں بابر اعظم نے کہا کہ کینگروز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے اور میزبان ٹیم کو شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ کینگروز کو اس کی سرزمین پر شکست دینا آسان نہیں تاہم انکی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کے صلاحیت رکھتے ہیں۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں بھی پاکستان کا یہ پہلا میچ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کو شکست دینے کے لئے پوری ٹیم کو تینوں شعبوں میں سردھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل سے برسبین میں شروع ہوگا۔

مزیدخبریں