وکی لیکس کے بانی کیخلاف ریپ کے الزام کی تحقیقات بند

09:52 AM, 20 Nov, 2019

اسٹاک ہوم: وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی بڑے مقدمے سے جان چھوٹ گئی اور سوئیڈن نے ان کے خلاف ریپ کے مقدمے کی تحقیقات بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وکی لیکس کے بانی کے خلاف کمزور شواہد کی بنا پر سوئیڈن کے پراسیکیوٹر نے تحقیقات کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جولین اسانج پر 2010ء میں سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں وکی لیکس کانفرنس کے دوران دو خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور دیگر جنسی جرائم کا الزام تھا۔

اسانج سوئیڈن میں ان مقدمات کا سامنا کر رہے تھے جبکہ وہ ہمیشہ ہی ان الزامات کی تردید کرتے رہے۔

یاد رہے کہ دو سال قبل بھی سوئیڈن کے پراسیکیوٹر نے وکی لیکس کے بانی کے خلاف جاری ریپ کے الزام کی تحقیقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جولین اسانج 7 سال تک لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے میں پناہ لیے ہوئے تھے تاہم رواں برس اپریل میں انہوں نے گرفتاری دے دی تھی۔ ان کی گرفتاری کے بعد سوئیڈش حکام نے ایک مرتبہ پھر تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جو اب دوبارہ بند کر دی گئیں۔

مزیدخبریں