لندن: نواز شریف کو لے کر قطر ائیرویز کے طیارے نے صبح ساڑھے 10 بجے اڑان بھری جبکہ لندن میں طیارے نے پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 33 منٹ پر ہیتھرو ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔
ائیر پورٹ سے نواز شریف اپنے بیٹے حسن نواز کے گھر روانہ ہوئے۔ پارک لین فلیٹس میں قیام کے بعد طبی معائنے کے لیے بدھ کو ہارلے اسٹریٹ کلینک جائیں گے۔
نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے فلیٹ میں نواز شریف کیلئے طبی سہولتوں سے آراستہ ایک کمرہ مخصوص کیا گیا ہے جس میں ضروری طبی آلات نصب کرنے کا عمل گزشتہ ہفتے سے جاری تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارلے اسٹریٹ کی نجی کلینک میں پلیٹیلیٹس کے ماہرین نواز شریف کا معائنہ کریں گے۔ نواز شریف کے علاج کیلئے امریکا میں طبی ماہرین سے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے۔ لندن میں طبیعت بہتر نہ ہونے پر نواز شریف کو فوری طور پر امریکا منتقل کیا جائے گا۔
نواز شریف لاہور ائیرپورٹ جانے کے لیے سخت سیکیورٹی میں جاتی امرا سے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود کارکنان نے نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے۔
ائیرپورٹ پہنچنے پر نوازشریف کی روانگی کے لیے امیگریشن کی کارروائی مکمل کی گئی جس کے بعد ان کا ائیرایمبولینس میں چیک اپ کیا گیا۔ چیک اپ کے وقت نواز شریف کے پلیٹیلیٹس کی تعداد 40 ہزار تھی۔
چیک اپ کے بعد ائیرایمبولینس نے تقریباً ساڑھے 10 بجے لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے اڑان بھری۔
نواز شریف کے ہمراہ ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد لندن روانہ ہوئے ہیں۔