کراچی: لائٹ ہاؤس میں کارروائی کا دوسرا روز، ملبہ اٹھانے کا کام جاری ، جامع کلاتھ مارکیٹ بھی ریڈار میں آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں تیزی آگئی۔ لائٹ ہاؤس میں گزشتہ روز مسمار کی گئی دکانوں کا ملبہ اٹھا لیا گیا۔ اینٹی انکروچمنٹ سیل نے جامع کلاتھ سے متصل دوپٹہ گلی اور فریم مارکیٹ میں فٹ پاتھ صاف کرا لیے۔ میئر کراچی کی تین روز کی مہلت آج ختم ہو گئی۔
شہر قائد میں کے ایم سی کا بلڈوزر سولہویں روز بھی نہ تھکا، کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بڑھتا چلا گیا۔ کے ایم سی کی جانب سےغیرقانونی تعمیرات ہٹانے کے لیے تین روز قبل مہلت بھی دی گئی تھی تاہم دکانداروں نے کان نہ دھرے تو انسداد تجاوزات عملہ حرکت میں آ گیا۔
تجاوزات کے خاتمے کے لیے اینٹی انکروچمنٹ سیل نے جامع کلاتھ سے متصل دوپٹہ گلی اور فریم مارکیٹ میں فٹ پاتھ پر قائم ڈھائی سو دکانیں مسمار کر دیں۔ اس سے قبل لائٹ ہاؤس میں بھی آپریشن کیا گیا۔ ناجائز دکانیں گرانے کے ساتھ گزشتہ روز گرائی گئیں دکانوں کا ملبہ بھی ٹھکانے لگایا گیا۔ دکانداروں نے آپریشن پر برہمی کا اظہار کیا۔
کے ایم سی حکام کے مطابق جلد ہی دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کےخلاف آپریشن شروع کیا جائے گا۔ ہر ٹاؤن کی مرکزی مارکیٹ انسداد تجاوزات ٹیم کا خصوصی ہدف ہو گی۔