لودھراں: وزیر پنجاب برائے ہاؤسنگ محمود الرشید کا کہنا ہے کہ کم آمدنی والے افراد کو سب سے پہلے چھت فراہم کی جائے گی۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت لودھراں میں 3 اور 5 مرلہ کے 800 پلاٹ دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر پنجاب برائے ہاؤسنگ محمود الرشید اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے لودھراں میں اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم کی مختص اراضی کا دورہ کیا۔اس موقع پر میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کوشاں ہیں، کم آمدنی والے افراد کو سب سے پہلے چھت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم میں 3 اور 5 مرلہ کے 800 پلاٹ دیے جائیں گے۔ پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی بنا رہے ہیں، ہمارا کام مانیٹرنگ کا ہوگا۔
تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ لودھراں میں ہاؤسنگ اسکیم کا اجرا عمران خان کا بہترین تحفہ ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ آئندہ مالی سال کے شروع میں ملتان میں جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ بنائیں گے۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو مسائل کے حل کے لیے لاہور نہیں جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں اپنا مؤقف سامنے رکھا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط زیادہ ہیں، عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے