پاک بھارت کرکٹ تنازعے پر فیصلہ ،سکندر بخت آئی سی سی کے فیصلے پربرہم ہوگئے

03:06 PM, 20 Nov, 2018

لاہور : پاک بھارت کرکٹ تنازعہ کا آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی نے فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان کا کیس خارج کردیا ہے جس پر پاکستان کے سابق کھلاڑی سکندر بخت کافی برہم نظر آ رہے ہیں اور انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بڑا مشورہ دیدیا ہے ۔

سابق کھلاڑی و سینئر سپورٹس تجزیہ کار سکندر بخت نے آئی سی سی کے فیصلے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاہے کہ آئی سی سی دراصل انڈین کرکٹ کونسل ہے ، انڈیا پوری دنیا کی کرکٹ کوکنٹرول کرتاہے اور میں جانتاہون کہ آئی سی سی میں اتنا حوصلہ نہیں ہے کہ وہ بھارت کو آنکھ دکھا سکے اور اگر بات ہماری تو ہوتی تو آئی سی سی نے ہم پر پابندیاں لگا دینی تھیں اور ہمیں غلط فہمی تھی کہ ہمیں آئی سی سی سے انصاف ملے گا ۔
ان کا کہناتھا کہ پوری دنیا کو پتاہے کہ بھارت آئی سی سی کو کنٹرول کرتا ہے اور گورے بھی ان کے سامنے جھک کرکھڑے ہوتے ہیں اس لیے فیصلہ کبھی بھی پاکستان کے حق میں نہیں ہونا تھا ، یہ پاکستان کے ساتھ نا انصافی ہے ۔

سکندر بخت کا کہناتھا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو مشورہ دوں گا کہ وہ فیصلہ کریں کہ ہم آئی سی سی کے اور جو ورلڈ کپ میں بھارت کے ساتھ میچ ہیں ہم وہ نہیں کھیلیں گے ۔اس سے قبل بھی ایسا ہو چکا ہے جب پاکستان اور سری لنکا میں ورلڈ کپ ہوا تو اس وقت سری لنکا میں حالات ٹھیک نہیں تھے جس پر کئی ٹیموں نے سری لنکا میں جا کر کھیلنے سے انکار کر دیا تھا اور انہوں نے اپنے پوائنٹس دوسری ٹیموں کو دے دیئے تھے تاہم پاکستان کو بھی قربانی دینی ہو گی ۔ان کا کہناتھا کہ اگر تھوڑی سے بھی غیرت اور شرم ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کو کہے کہ ورلڈ کپ میں آپ کا جو میچ ہو گا ہم وہ بھارت کے ساتھ نہیں کھیلیں گے اور جب آئی سی سی کو نقصان ہو گا تو وہ پھر کچھ سوچے گا جبکہ آپ بھارت کو کرکٹ میں مات نہیں دے سکتے ۔

مزیدخبریں