کراچی :معروف ٹی وی میزبان اور پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی دوسری شادی کی تصاویر تو وائرل ہوچکی ہیں مگر اب ان کی پہلی بیوی اور بیٹی کا بھی ردعمل سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ بشریٰ اور بیٹی دعا عامر نے سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی دوسری شادی پر سخت دلی رنج کا اظہار کردیا۔
عامر لیاقت کی بیٹی دعا نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ایک اور دن ایک اور المیہ، جب سے آپ نے اپنی فیملی کا دل دکھایا ہے، آپ کی بہتری کے لیے دل سے دعا ہے اور اس کے لیے بھی جس نے گھر تباہ کیا، امید ہے اللہ آپ کی صحیح سمت میں آپ کی رہنمائی فرمائے، جس وقت آپ کے بچے اپنے آنسو پونچھ رہے ہیں، کرب میں مبتلا آپ کی اجڑی ہوئی بیٹی، دعا عامر‘۔
دعا نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ ’وہ کہتے ہیں کہ درد، نفرت اور اداسی تخلیق کو جنم دیتی ہے‘۔عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ بشریٰ عامر نے بھی اپنے ٹوئٹر پر چند اقوال شیئر کیے، انہوں نے ایک قول شیئر کیا جس میں لکھا تھا کہ ’کبھی کبھار وہ لوگ نہیں ہوتے جو تبدیل ہوجاتے ہیں بلکہ ان کے چہروں سے نقاب اتر جاتا ہے‘۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین کی دوسری شادی رواں سال کسی وقت ہوئی تھی جو اس وقت سامنے آئی جب الیکشن کمیشن میں ان کے خلاف کاغذات نامزدگی میں دوسری اہلیہ کا ذکر نہ کرنے پر درخواست دائر ہوئی۔
رواں ماہ پی ٹی آئی رہنما نے بھی انہیں اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر دوسری اہلیہ کے ساتھ اپنے ولیمے کی تصاویر شیئر کی جبکہ رخصتی کی تصدیق بھی اس سے ایک روز قبل کی تھی۔