میانمار: میانمار کی وزیر خارجہ اور حکومت میانمار کی سینیئر مشیر آنگ سان سوچی نے روہنگیا پناہ گزینوں کو بالواسطہ طور پر دہشت گرد قراردیتے ہوئے انھیں میانمار میں بحران و عدم استحکام کا باعث قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آنگ سان سوچی نے نایپیداو میں یورپ و ایشیا کے وزرائے خارجہ کےاجلاس کی استقبالیہ تقریب میں اشارے و کنایے میں روہنگیا مسلمانوں کو غیر قانونی مہاجر اور میانمار میں دہشت گردانہ اقدامات کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
سوچی پر، جو امن کا نوبل انعام یافتہ ہیں، اب مغربی ملکوں کی جانب سے اس بات کا الزام لگایا جا رہا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی ناگفتہ بہ صورت حال پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں آخر اس کی وجہ کیا ہے؟۔اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف اس ملک کی فوج اور انتہا پسند بودھسٹوں کا رویہ، نسل کشی اور قومی تطہیر کا مصداق ہے۔