نئی دہلی:بھارت کے شمال مشرق میں واقع شہر گوہاٹی کے نزدیک ایک مسافر ٹرین سے ٹکرانے کے نتیجے میں دو ہاتھی ہلاک ہو گئے۔ مارے جانے والے ان ایشیائی ہاتھیوں کی نسل معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائلڈ لائف کے ایک متعلقہ ذمّے دار نے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کو علی الصبح پیش آیا۔ یہ دونوں ہاتھی 15 ہاتھیوں پر مشتمل اس گروپ میں شامل تھے جو خوراک کی تلاش میں علاقے میں داخل ہو گیا تھا، بقیہ ہاتھیوں نے ریلوے ٹریک عبور کر لیا تھا تاہم یہ دو آخری ہاتھی عبور کی کوشش کے دوران ہی ٹرین سے ٹکرا گئے۔
گوہاٹی شہر بھارت کی ریاست آسام میں واقع ہے جو ایشیائی نسل کے ہزاروں ہاتھیوں کا دیس شمار ہوتی ہے۔ یہ نسل اُن جانوروں کی فہرست میں شامل ہے جن کو معدومیت کے خطرے کا سامنا ہے۔ اس معدومیت کی وجوہات میں جنگلوں کے رقبے میں کمی اور شکار کی ظالمانہ کارروائیاں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اس علاقے میں گشت کرنے والے ہاتھیوں سے ٹرینوں کے تصادم کے واقعات باقاعدگی کے ساتھ پیش آتے رہتے ہیں۔