قاہرہ:عرب لیگ کا کہنا ہے کہ ایران کے میزائل تما م عرب دارالحکومتوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ یہ بات قاہرہ میں اتوار کے روز عرب وزراء خارجہ نے ایک ہنگامی اجلاس کے اختتام پر ہونے والی پریس کانفرنس میں کہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ ایران مختلف عرب ممالک میں دہشت گرد گروپوں کو پھیلا رہا ہے۔ بیان میں لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا۔ عرب ممالک موجودہ مرحلے میں ایران کے خلاف اعلان جنگ نہیں کر رہے ہیں تاہم اس بات پر زور دیا گیا کہ ایران کی مداخلتیں روکنے کے لیے سلامتی کونسل کا رخ کرنے کے سلسلے میں طریقہ کار متعین کیا جائے۔
اختتامی بیان میں کہا گیا کہ لبنان نے مذکورہ بیان پر موافقت کا اور حزب اللہ کے حوالے سے نکات پر اپنی رائے کو محفوظ رکھا۔عرب لیگ کے سکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے باور کرایا کہ ایران مملکت سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے واسطے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کہ ہر ممکن کوشش ہے کہ سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک میں تخریب کاری ، فتنہ ، نفرت اور عداوت پر مبنی پیغام پھیلائے لہذا اب وقت آ گیا ہے کہ خطے کو اس تشدد اور فرقہ واریت سے چھٹکارہ دلایا جائے جو ایران خطے میں پھیلا رہا ہے۔
عرب لیگ کے سکریٹری جنرل کے مطابق سعودی عرب پر اب تک داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کی تعداد کافی بڑھ چکی ہے اور یہ تمام ایرانی ساخت کے ہیں۔ اس لیے ہم سعودی عرب کے ساتھ اس کی قومی سلامتی کے حوالے سے اپنی مکمل یک جہتی کا یقین دلاتے ہیں۔ ابو الغیط نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کو خطے کو جہنم میں تبدیل کرنے سے روکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایران کو خطے کے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت جاری رکھنے کے نتائج سے خبردار کیا۔