سعودی عرب اور اتحادیوں کی ہمسایہ ملک پر شدید ترین گولہ باری
صنعاء: یمن میں حکومتی فورسز نے دارالحکومت صنعاءکے نواحی ضلع ارحب کی جانب پیش قدمی کی ہے۔ سرکاری فورسز نے صنعاءکے ایک اور علاقے نہم کے 90 فی صد حصے پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
یمنی فورسز کے کمانڈر منصور الحنق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارحب میں حوثیوں کے خلاف معرکہ فیصلہ کن ہوگا اور اس کے بعد ان کی بغاوت کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے حوثی باغیوں کے ساتھ مجبوری کے عالم میں مل کر سرکاری فورسز کے خلاف لڑنے والے یمنی شہریوں کو مخاطب ہو کر کہا ہے کہ قومی فوج صرف بغاوت کرنے والوں کا پیچھا کرے گی۔
یمنی فورسز سعودی عرب کی زیر قیادت اتحادی فضائیہ اور توپ خانے کی مدد سے گولہ باری کے بعد آگے بڑھ رہی ہیں۔ دریں اثناء یمنی فورسز نے یہ اطلاع دی ہے کہ حوثی ملیشیا نے ارحب سے بارہ شہریوں کو اغوا کرلیا ہے اور تین مکانوں کو نذر آتش کردیا ہے۔ حوثیوں نے ارحب میں واقع متعدد قصبوں العرشن اور الغولہ وغیرہ میں چھاپا مار کارروائیاں کی ہیں اور وہاں بکتر بند گاڑیوں کو آگ لگادی۔