کراچی:پولیس نے کراچی کے علاقے لیاری سے گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کے 2 اہم کارندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔سائٹ کے علاقے سائٹ اے سے ڈکیتی کے الزام میں 3افراد کو جبکہ لیاقت آباد سپرمارکیٹ سے گاڑیاں چرانے والے 2ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان چوری کی گاڑی میں منشیات اسمگل کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لیاری کے علاقے عیدولین میں ٹارگٹڈ کا رروائی کی جس کے دوران لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کے 2 اہم کمانڈرز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
ملزمان میں جمشید عرف کاکا اورنیازو شاہد شامل ہیں جو قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور تھانے پر حملوں کے الزام میں پولیس کو مطلوب تھے۔ادھر سائٹ پولیس نے سائٹ اے میں ڈکیتی کے الزام میں 3افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
لیاقت آباد سپرمارکیٹ میں اینٹی کار لفٹنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے 2کار لفٹرز کو گرفتار کرلیا۔اے سی ایل سی کے ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق گرفتار ملزمان میں رحیم بخش اور کامران عرف چنا شامل ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ گروہ کراچی میں کئی گاڑیاں چوری کر چکاہے، گرفتار ملزم چوری کی گاڑی میں منشیات اسمگل کرتے تھے۔