ممبئی: بالی ووڈ کے منا بھائی سنجے دت نے اپنے کرئیرمیں بہترین اداکاری کے باعث متعدد بلاک بسٹرفلمیں دیں تاہم اسلحہ کیس میں سزا کاٹنے کے بعد اب وہ دوبارہ سے فلم کی شوٹنگ کے لئے بے چین ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ فلم کے سیٹ پرشوٹنگ کا پہلا روز بہت جذباتی ہوگا۔
بالی ووڈ سپر اسٹار سے جب فلموں میں دوبارہ انٹری کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ہدایتکارامنگ کمارکی نئی فلم “بھومی” کی شوٹنگ کا آغاز اگلے سال جنوری میں کرنے جارہے ہیں جس کے حوالے سے وہ بہت زیادہ پرجوش ہیں کیونکہ یہ فلم ایک باپ اور بیٹی کی کہانی پرمبنی ہے۔
ایک بار پھر سے بڑی اسکرین پر جلوہ گرہونے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سنجے دت کا کہنا تھا کہ اداکاری بالکل تیراکی یا گاڑی اورسائیکل چلانے کے مانند ہوتی ہے جو آپ کبھی بھی نہیں بھولتے لیکن آگرہ میں فلم کے سیٹ پرشوٹنگ کا پہلا روز میرے لیے بہت جذباتی ہوگا جس کا مجھے شدت سے انتظارہے۔
سنجے دت کا مزید کہنا تھا کہ متعدد فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی لیکن ان کے کرداروں سے مطمئن نہیں تھا اس لئے ایک ایسی فلم کا انتخاب کیا جس کی کہانی معاشرے کے عام آدمی پر مبنی ہے، مجھے اس فلم کے اسکرپٹ پڑھنے کے بعد فوری طورپرمحسوس ہوا کہ یہ وہی فلم ہے جس سے میرا کرئیرایک بار پھر سے شروع ہو گا۔